یونان: ایک اور باب

Share this

تحریر: مائیکل رابرٹس
مترجم: منصور احمد

آج یونان میں عام انتخابات ہو رہے ہیں- کیرا کوس مسٹو تاکیز [Kyriakos Mitsotakis] کے قیادت میں قدامت پسند نیو ڈیموکریسی پارٹی اس وقت حکومت بنا رہی ہے، جس نے 2019 کے انتخابات میں الیکسس سپراس [Alexia Tsipras] کی قیادت میں بائیں بازو کی پارٹی سریزا کو شکست دی تھی۔ 2019 میں نیو ڈیموکریسی نے 39% ووٹ لے کر سریزا کے 32% ووٹ پر برتری حاصل کی۔ جب 2015 میں یورو قرضوں کے بحران کے عروج پر سریزا نے اقتدار سنبھالا تو نیو ڈیموکریسی پارٹی نے 28% جبکہ سریزا نے 35% ووٹ لیے- 2019 میں نیو ڈیموکریسی پارٹی کی حاطر خواہ کامیابی کے لیے سریزا کیلیے محنت کش طبقے کی مضبوط حمایت میں مایوسی ہی کافی تھی- قرض بحران کے دوران نیو لبرل پالیسیوں کو اپنانے والی سابقہ ​​سوشل ڈیموکریٹک پارٹی پاسوک [PASOK] نے صرف 10% ووٹ لیے اور کمیونسٹ (جنہوں نے یورپی یونین چھوڑنے کا مطالبہ کیا) صرف 5% رہ گئے۔

انگلش میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

اگرچہ ووٹنگ باضابطہ طور پر لازمی ہے، 2019 میں ٹرن آؤٹ صرف 57% تھا۔ درحقیقت، 1980 کی دہائی کے اوائل میں یونان کے یورپی یونین میں شامل ہونے کے بعد سے ووٹر ٹرن آؤٹ میں مسلسل کمی واقع ہوئی ہے، لیکن یورو قرض بحران کے سالوں 2012 اور 2015 کے درمیان اس میں اضافہ ہوا، جس نے سریزا کو اقتدار میں آتے دیکھا اور یونانی عوام پر کفایت شعاری کے بڑے اقدامات مسلط کرنے کی کوشش کے خلاف تیکون (EU، ECB اور IMF) کا مقابلہ کیا۔ سریزا کے ساتھ محنت کش عوام کی مایوسی نے 2019 میں ٹرن آؤٹ میں پھر سے کمی کو جنم دیا۔

رائے عامہ کے تازہ ترین سروے میں نیو ڈیموکریسی پارٹی کو 36%، سریزا کو 29%، پاسوک کو 10% اور کمیونسٹوں کو 7% پر رکھا گیا ہے۔ اگر یہ درست نکلتا ہے، تو یہ دیکھتے ہوئے کہ ہر پارٹی کے ووٹوں کے تناسب کے مطابق نشستیں تقسیم کی جاتی ہیں، کسی ایک جماعت کو پارلیمنٹ میں 151 نشستیں نہیں ملیں گیں اور اس کے بعد جولائی میں ایک دوسرا الیکشن ہوگا۔ تاہم، اس فالو اپ الیکشن میں سرکردہ پارٹی کو 50 اضافی نشستوں کا بونس ملے گا (پارلیمنٹ میں ‘سپر اکثریت’ کو یقینی بناتے ہوئے)۔ لہذا ایسا لگتا ہے کہ نیو ڈیموکریسی پارٹی پھر سے ایوان اقتدار میں ہو گی۔

قدامت پسند نیو ڈیموکریسی کے دوبارہ جیتنے کا امکان کیوں ہے؟ اہم جماعتوں میں سے کوئی بھی جیت کے جشن کے لئے بہت اچھا نہیں ہے اور ووٹر ٹرن آؤٹ 2019 سے بھی کم ہو سکتا ہے (اس کے باوجود کہ پہلی بار 17 سال کی عمر والے بھی ووٹ کریں گے)- نیو ڈیموکریسی حکومت وبائی مرض کووڈ سے نمٹنے کے طریقہ کار کی وجہ سے اپنی کچھ حمایت کھو چکی ہے۔ پاسوک کے نجی مواصلات پر اس کی خفیہ جاسوسی (واٹر گیٹ اسٹائل)؛ اور حالیہ خوفناک ٹرین حادثہ، جس کی وجہ سے 57 افراد ہلاک ہوئے، حکومت کی جانب سے حفاظتی ضابطوں میں نرمی کی وجہ سے تھا۔

لیکن نیو ڈیموکریسی کی ہار کے لیے یہ دو وجوہات کافی نہیں۔ اول، نیو ڈیموکریسی حکومت یونانی معیشت میں نسبتاً بحالی کی کامیابی پر سوار ہے(یونانی محنت کشوں کے لیے اجرت اور ملازمت میں بھی)- یونانی معیشت نے کورونا وبا سے ایک مضبوط ترین بحالی کی ہے. حقیقی جی ڈی پی میں 2021 میں 8.4 فیصد اور پچھلے سال مزید 5.9 فیصد اضافہ ہوا۔ یونان کی شرح نمو کی تبدیلی اوسط سالانہ شرح 2019-2022 کے دوران 2014-2018 کے مقابلے میں 3 گنا بڑھی ہے: 0.5% سے 1.8% تک۔ یہ اب یورپی یونین کی اوسط شرح 1.3% سے بھی زیادہ ہے، جو یورپ کی بہت سی دیگر ترقی یافتہ معیشتوں کے مقابلے میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ فی کس جی ڈی پی میں بھی اسی طرح کی تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔

بینکوں کی بیلنس شیٹوں پر اب نان پرفارمنگ قرضوں کا حجم 2016 کے 50 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد کے قریب آ گیا ہے۔ یونان میں کل سرمایہ کاری 2014-2018 کے دوران 0.7% کی اوسط سالانہ شرح سے بڑھ کر 2019-2022 کے درمیان 7.7% ہو گئی ہے۔ اسی دورانیہ میں یورپی یونین کی اوسط 3.6% سے گر کر 2.2% ہوگئی۔

ریکارڈ شروع (2002 میں) ہونے کے بعد سے غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری گزشتہ سال 50 فیصد بڑھ کر اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اور یورپی یونین کا پوسٹ پینڈیمک ریکوری فنڈ 2026 تک یونان کو 30.5 بلین یورو گرانٹ اور قرض فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، جو کہ موجودہ جی ڈی پی کے 18 فیصد کے برابر ہے۔

سیاحت – یونانی معیشت کا سب سے بڑا شعبہ، جو کہ جی ڈی پی کا تقریباً پانچواں حصہ ہے- پچھلے سال وبائی امراض سے پہلے کی سطح کے 97 فیصد تک پہنچ گیا۔ غیر ملکی یونانی گھر ایسے خرید رہے ہیں جیسے کل نہیں تھا۔ یونان میں بے روزگاری مسلسل گر رہی ہے، جو کہ یورپی یونین کی اوسط کے قریب ہے (حالانکہ نوجوانوں کی بے روزگاری اب بھی 25% کے قریب ہے)۔

یورو قرض بحران کے دوران نصف ملین یونانی (جو پڑھے لکھے اور بہتر لوگ) ملک چھوڑ گئے۔ ‘برین ڈرین’ اب سست ہو رہی ہے۔ لیکن نوجوانوں میں بے روزگاری کی سطح اب بھی 25 فیصد پر ہے- بہت سے یونانی نوجوان اب بھی کہتے ہیں کہ اگر وہ کر پائے تو وہ ان 500,000 نوجوان میں شامل ہو جائیں گے جو قرض بحران کے دوران بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔

یونان میں کمپنیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، 2014 سے اب تک تقریباً 38 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کاروباری سرگرمیاں عروج پر ہیں۔

سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور کمپنیاں پھیل رہی ہیں کیونکہ نجکاری اور کم کارپوریٹ ٹیکس; اجرتوں اور ملازمتوں میں کمی کی وجہ سے سرمائے کے منافع میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

لیکن یونانی سرمایہ داری کو واپس موڑنے میں بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔ اگرچہ منافع میں اضافہ ہوا ہے لیکن یونان میں پیداواری سرمایہ کاری ترقی یافتہ سرمایہ دارانہ دنیا میں سب سے کم ہے۔

بہر حال معیشت کی یہ نسبتاً بحالی ایک اہم وجہ ہے جس کی وجہ سے نیو ڈیموکریسی کے جیتنے کا امکان ہے۔ لیکن زیادہ زور رشتہ داری پر ہے۔ کورونا کے بعد سے حالیہ تیز GDP نمو جی ڈی پی کی واقعی کم سطح سے آرہی ہے۔ یونانی معیشت اب بھی عظیم کساد بازاری اور یورو قرض کے بحران سے پہلے کے مقابلے میں 20 فیصد چھوٹی ہے۔ اور حالیہ سرمایہ کاری میں اضافہ زیادہ تر غیر پیداواری رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کی وجہ سے ہے۔

آخر کار یونان جیسی چھوٹی سرمایہ دارانہ معیشت کا انحصار اس بات پر ہے کہ عالمی سطح پر کیا ہو رہا ہے۔ اگر اگلے سال بڑی معیشتیں زوال پذیر ہوتی ہیں، تو یونان بھی بچ نہیں پائے گا۔ معیشت میں نسبتاً بہتری ایوجین میں آنے والے کسی نئے طوفان بہہ سکتی ہے اور مسٹو تاکیز کی بدقسمتی غالب آ سکتی ہے۔ جیسا کہ OECD اپنے تازہ ترین سروے میں بتاتا ہے کہ “یونان کی مضبوط بحالی کو بڑھتے ہوئے بیرونی مخالف ہواؤں کا سامنا ہے”۔ حتی کہ بغیر کسی کمی کے بھی اس سال حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو صرف 1.3 فیصد رہ جائے گی اور اگلے سال صرف 1.8 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں سپلائی میں خلل اور نئی غیر یقینی صورتحال کو جنم دے رہی ہے خاص طور پر یوکرین روس جنگ نسبتاً بحالی کو تیزی سے سست کر رہی ہے۔

نیز مالیاتی اخراجات پر ٹرائیکا کے مقرر کردہ اہداف کورونا اخراجات کی وجہ سے متاثر ہوئے، اس لیے نئی حکومت کو ان اہداف کو بحال کرنے کے لیے اخراجات میں مزید سخت کٹوتیوں کا اطلاق کرنا ہوگا۔

سب سے بڑھ کر، یہ بحالی جو زیادہ ےر غیر ملکی سرمایہ کاروں، بینکوں اور کارپوریٹ سیکٹر کو خوش کرتی ہے- اور ٹرائیکا محنت کشوں کے معیار زندگی کی قیمت پر کر رہی ہے۔ یونانی سرمائے کے منافع میں اضافہ ہوا ہے، لیکن یونانی محنت کشوں کے معیار زندگی میں کوئی بہتری نہیں ہوئی۔ کفایت شعاری کے تکلیف دہ اقدامات نے ایک ایسے ملک پر اپنے نشان چھوڑے ہیں جو اب یورپ میں غربت کی بلند ترین شرحوں میں سے ایک ہے۔

جیسا کہ سریزا کے رہنما سپراس نے کہا: “یونان میں اجرتیں بلغاریوں والی اور قیمتیں برطانیہ والی ہیں۔” قرض بحران کے بعد سے حقیقی اجرتوں میں تیزی سے کمی آئی ہے اور کم از کم اجرت 12 سال پہلے کی نسبت اب بھی کم ہے (اور یونان میں اجرت کی بہت سی بستیوں کے لیے کم از کم بنیاد ہے)۔ یہاں تک کہ یونانی مرکزی بینک کے چیف اکانومسٹ، دیمتریس مالیاروپولوس نے بھی اعتراف کیا کہ یونانی سرمایہ داری کی بحالی فقط اجرتوں میں کٹوتی کی بنیاد پر قائم ہے۔

اگرچہ عوامی قرض سے جی ڈی پی کا تناسب، جو وبائی امراض کے دوران 206 فیصد تک پہنچ گیا تھا، اب کم ہو کر 171 فیصد رہ گیا ہے، جو یورو قرض بحران کے آغاز کے بعد سب سے کم سطح پر ہے، جو کہ اب بھی یورپ کہ کچھ حصوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ مالی کفایت شعاری آئندہ کئی دہائیوں تک پالیسی ایجنڈے پر رہے گی۔ اور عوامی اخراجات کے لیے اہمیت رکھنے والے تمام اشاریوں میں یونان اب بھی بہت پیچھے ہے۔

صرف دفاعی اخراجات میں یونان جی ڈی پی کے 3.5% پر سب سے آگے ہے یہ اخراجات نیٹو ممالک میں سب سے زیادہ ہیں

دوسری اہم وجہ جس کی وجہ سے نیو ڈیموکریسی کے جیتنے کا امکان ہے وہ یہ ہے کہ سیریزا نے 2015 میں ٹرائیکا کے سامنے سر تسلیم خم کرنے پر محنت کش طبقے میں اپنی حمایت کو مایوس کیا تھا۔ اس وقت، ایک بڑے پیمانے پر میڈیا مہم اور ٹرائیکا رہنماؤں کی طرف سے اپنی شرائط پر ہاں میں ووٹ دینے کی دھمکیوں کے پیش نظر، یونانی عوام نے ایک ریفرنڈم میں کفایت شعاری کے اقدامات کو مسترد کرنے کے لیے 60-40 ووٹ سے کٹوتی کو رد کیا تھا۔ لیکن اس کے فوراً بعد، سریزا نے نتائج کو نظر انداز کرتے ہوئے ٹرائیکا کی شرائط سے اتفاق کیا تھا- 2015 میں ٹرائیکا سے شکست کی وراثت اور یونانی محنت کشوں کی روزی روٹی کی قیمت پر یونانی سرمایہ داری کا احیاء اس وقت سے سریزا کے رہنماؤں کے خلاف ایک سیاہ دھبہ بنا ہوا ہے۔